کراچی، سابقہ بیوی کو چھری کے وار سے قتل کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی(سٹاف رپورٹر) رینجرز نے خفیہ اطلاعات پر اپنی سابقہ بیوی کے قتل میں ملوث ملزم سنی علی کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں کراچی کے علاقے کنڈو گوٹھ سے خاتون کے قتل میں ملوث ملزم سنی علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنی سابقہ بیوی ثمینہ اقبال کو چھری کے وار سے قتل کیا اور موقعہ واردات سے فرار ہو گیا تھا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق 8 اکتوبر 2020 کو کراچی کے علاقے منگھو پیر مائی گاڑی دربار کے علاقے سے ثمینہ اقبال نامی خاتون کی لاش ملی تھی، جسے چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا تھا، خاتون کی لاش ایدھی ہوم سے مقتولہ کے بھائی نے شناخت کرنے کے بعد تدفین کردی تھی، لیکن فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔ترجمان نے بتایا کہ مقتولہ ثمینہ اقبال کے قتل کا مقدمہ منگھوپیر تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرایا گیا تھا، اور اس کے اہل خانہ نے واقعے میں ملوث نامعلوم ملزم کی گرفتاری کے لیے رینجرز سے مدد کی اپیل کی تھی، سندھ رینجرز نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ٹیم نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہوئے تکنیکی ثبوت اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر قتل میں ملوث ملزم سنی علی کو گرفتار کر لیا، ملزم کومزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔