سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم بلوچستان کا دہشتگرد خدا بخش مری گرفتار
سکھر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سی ٹی ڈی سکھر نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے انتہائی مطلوب دہشتگرد خدا بخش ولد جاڑو خان مری کو گرفتار کرلیا ہے، جس کے قبضے سے 9MM پسٹل برآمد کرکے سی ٹی ڈی سکھر تھانہ میں مقدمہ نمبر11/2021 درج کرلیا گیا ہے، سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم گاؤں سید گل شاہ 60میل تحصیل دوڑ ضلع شہید بے نظیر آباد کا رہائشی ہے،دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی تربیتی کیمپ سے عسکری دہشتگردی کی ٹریننگ حاصل کی تھی، ملزم کہان، کوہلو، بلوچستان میں واقع کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے تربیتی کیمپ کا نائب کمانڈر بھی رہ چکا ہے، جبکہ ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سیاہ گری بلوچستان میں واقع سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر حملے میں بھی ملوث رہا ہے، سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسزکے کیمپ پر حملے کے بعد ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ اور بارود کہان ضلو کوہلو کے علاقے میں چھپا رکھا گھا تھا، جس میں متعدد کلاشنکوف، دو سو عددگولیاں، ایک عدد اسکیل بلبل ایل ایم جی، 6 سے 7 عدد مارٹر کے گولے شامل ہیں، گرفتار دہشتگرد سے مزید تفتیش جاری ہے۔