وزیر اعظم نے ٹرین حادثے کا نوٹس لے کر جامع تحقیقات کا حکم دےد یا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے مابین ہونے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جامع تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیر اعظم عمران خان نے ٹرین حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعظم نے کہا کہ گھوٹکی میں آج صبح خوفناک حادثے میں 30 مسافروں کی قیمتی جانیں ضائع ہونے پر افسوس ہے ۔وزیر ریلوے سے کہا ہے کہ وہ جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کی طبی امداد کو یقینی بنائیں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کی امداد کریں
واضح رہے کہ آج صبح گھوٹکی کے قریب کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس اور پنجاب سے کراچی جانے والی سر سید ایکسپریس میں خوفناک حادثہ ہوا جس میں 30 افردا جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے
تفصیلات کے مطابق حادثہ آج صبح پیش آیا جس میں ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں جبکہ سرسید ایکسپریس آکر ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی ، حادثے میں 30 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ، ملت ایکسپریس کی 8 بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون سمیت 7 افراد کی لاشیں اوباڑو ہسپتال پہنچائیں گئیں ۔ حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک کو فوری طور پر بلاک کر دیا گیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔