پنجاب اور سندھ میں انسدادپولیو مہم کا آغاز کردیا گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستا ن آن لائن ) کراچی سمیت سندھ بھر میں چھ روزہ جبکہ پنجاب میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوزکے مطابق ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل سندھ کا کہنا ہے کہ وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا ہے،مہم میں پانچ سال تک کے 90لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے 20لاکھ بچوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال صوبے میں پولیو کے 22کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستا ن کے بعد پاکستان میں پولیو کی بیماری موجود ہے۔
دوسری جانب سے پنجاب کے 20اضلاع میں بھی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیاہے اورمہم کے لئے 33ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔
انسداد پولیو پروگرام حکا م کا کہنا ہے کہ مہم کے دوران ایک کروڑ 41لاکھ82ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائیں جائیں گے۔رواں سال پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔