ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر کر دوسری طرف گئیں، سر سید ایکسپریس کو بریک کا موقع نہ ملا، فواد چودھری
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے آج علی الصبح ہونے والے ٹرین حادثے سے متعلق بتایا کہ ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر کر دوسری طرف گئیں جس کے باعث سر سید ایکسپریس کے ڈرائیور کو بریک لگانے کا موقع نہ مل سکا ، حادثے میں 31 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مزید جانی نقصان کا خدشہ ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ٹرین حادثے کی اطلاع رات گئے 3 بج کر 48 منٹ پر ملی، حادثے میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ، وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر ریلوے جائے حادثے روانہ ہو گئے ہیں ، بد قسمتی سے گزشتہ کچھ سالوں میں ٹرین حادثات رونما ہوئے ہیں، ایم ایل ون ان کا حل ہے ۔ ایم ایل ون 74 سالوں میں ریلوے کا بڑا منصوبہ ہے ۔
انتخابی اصلاحات سے متعلق فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیساتھ آج دوسری ملاقات ہوئی تھی ، حکومتی وفد میں میرے سمیت شبلی فراز، بابر اعوان ، شہزاد اکبر شامل تھے ، ہم نے الیکشن کمیشن سے چار امور پر گفتگو کی ۔ انتخابی اصلاحات کا بل گزشتہ سال اسمبلی میں پیش کیا ، اس میں 49 ترامیم متعارف کرائیں ، ہم انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کے ساتھ گفتگو کرنا چاہتے ہیں ، وزیر اعطم ایسے انتخابات کی جانب جانا چاہتے ہیں جس پر سب کو اعتماد ہو۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہر انتخابات میں پولنگ کے عمل کے بعد سے نتیجہ سامنے آنے تک دھاندلی کے الزامات لگتے ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ یہ روایت ختم کی جائے ۔ الیکشن کمیشن نے بھی انتخابی اصلاحات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا ہے ، ہم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) بائیومیٹرک اور آئی ووٹنگ پر گفتگو کی ۔
فواد چودھری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کے کماؤ پوت ہیں ، اوور سیز پاکستانیوں کو وٹنگ کا حق دینا ہماری پارٹی کا وعدہ ہے ، آئی ووٹنگ ان کیلئے ہے ۔