پاکستان ریلوے کا ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 15 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹرین حادثے کے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا گیا ہے ۔
ترجمان پاک ریلوے کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ان کی انجریز کے مطابق 50 ہزار سے تین لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے ،انتظامیہ نے حادثے کے متاثرین کے ہنگامی بنیادوں پر کوائف جمع کرنا شروع کر دیے ہیں ۔ترجمان پاک ریلوے کے مطابق متاثرین میں جلد امدادی رقوم کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حادثہ آج صبح پیش آیا جب ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں جبکہ سرسید ایکسپریس آکر ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی ، حادثے میں 40افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ، ملت ایکسپریس کی 8 بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون سمیت 7 افراد کی لاشیں اوباڑو ہسپتال پہنچائیں گئیں ۔ حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک کو فوری طور پر بلاک کر دیا گیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔