برطانوی وزیراعظم کی اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ خفیہ شادی، بورس جانسن کی سابقہ محبوبہ کا موقف بھی آگیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بر طانوی وزیراعظم بورس جانسن نے گزشتہ ہفتے اپنی گرل فرینڈ اور منگیتر کیری سائمنڈز کے ساتھ خفیہ طور پر شادی کرلی اور جب ان کی شادی کی خبر باہر آئی تو بورس جانسن کی سابق محبوبہ نے ایسی بات کہہ دی کہ سن کر آپ پریشان رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق بورس جانسن اور کیری سائمنڈز نے ویسٹ منسٹر کیتھڈرل میں شادی کی۔ شادی کی تقریب میں دولہا دلہن کے انتہائی قریبی دوست اور رشتہ دار ہی شامل ہوئے تھے۔
بورس جانسن کی سابق محبوبہ53سالہ پیٹرونیلا وائٹ، جو پیشے کے اعتبار سے صحافی ہیں، نے ان کی شادی کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”میں کیری کو ’بیسٹ آف لک‘ کہوں گی، کیونکہ میں ایک ارب سال بعد بھی بورس سے شادی نہ کرتی۔ میں نے خود کو اس ’گولی‘ سے بچالیا۔“پیٹرونیلا کا کہنا تھا کہ ”مجھے سمجھ نہیں آئی کہ ان دونوں کو شادی خفیہ رکھنے کی کیا ضرورت تھی، کیری کوئی ’ڈوچیس آف کیمبرج‘ (Duchess of Cambridge)نہیں ہے کہ بورس نے اس کے ساتھ شادی مخفی رکھی۔“
واضح رہے کہ بورس جانسن نے اپنی شادی کو اس قدر مخفی رکھا کہ ڈاﺅننگ سٹریٹ کے سینئر اہلکاروں کو بھی اس کا علم نہیں تھا۔ عوام سے برطانوی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ویسٹ منسٹر کیتھیڈرل سے چلے جانے کو کہا گیا جس کے آدھ گھنٹے بعد وہاں ایک لیموزین آ کر رکی، جس میں سے 33سالہ کیری سائمنڈز نکلیں اور چرچ کے اندر چلی گئیں۔ اسی رات 10ڈاﺅننگ سٹریٹ سے کچھ موسیقاروں کو بھی نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔