’نکاح ہی نہیں جنازہ بھی پڑھاتے ہیں‘ فواد چودھری کے بیان پر پی ڈی ایم کا موقف بھی آگیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داریوں میں نکاح پڑھانا اور کرانا شامل ہے، انہی سیاست میں الجھنے کی بجائے اسی پر توجہ دینی چاہیے۔“ان کے اس بیان پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”مولانا فضل الرحمان نکاح ہی نہیں پڑھاتے، وہ جنازہ بھی پڑھاتے ہیں، خواہ وہ سیاسی جنازہ ہی کیوں نہ ہو۔“
پی ڈی ایم کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ”مولانا فضل الرحمان جلد کٹھ پتلی حکومت کا سیاسی جنازہ پڑھائیں گے۔“ انہوں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”آپ کے بھی سیاسی قبلے بدلتے رہتے ہیں، کبھی آپ کا سیاسی قبلہ زرداری ہاﺅس تھا، آج کل بنی گالہ ہے۔“