شوہر کی دوسری شادی، پہلی بیوی نے ایسا بینر لہرادیا کہ دلہن نے شادی سے ہی انکار کردیا
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک خاتون نے اپنے سابق شوہر کی دوسری شادی کی تقریب میں ایسا بینر لہرا دیا کہ دلہن نے شادی سے ہی انکار کر دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ چینی صوبے شی چوآن کا ہے جہاں لیو نامی خاتون اپنے سابق شوہر کی شادی کی تقریب میں پہنچ گئی۔ اس نے ہاتھوں میں ایک بینر اٹھا رکھا تھا جس پر ان کی طلاق کے تصفیے کے متعلق لکھا تھا۔
بینر پر لکھا تھا کہ ”یہ میرا سابق شوہر ہے اوراس کے ساتھ میرا 10لاکھ یوآن (تقریباً 4کروڑ 2لاکھ روپے) کے تصفیے کا مقدمہ چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ اس شخص کو مجھے ماہانہ 5ہزار یوآن (تقریباً 2لاکھ روپے) خرچ بھی دینا ہے اور جب تک میں دوسری شادی نہیں کرتی میری بزنس انشورنس بھی اسی کو ادا کرنی ہے۔“
رپورٹ کے مطابق یہ دولہا اپنی سابق بیوی کو یہ سب کچھ ادا کرنے میں ناکام رہا اور اس کے باوجود دوسری شادی کرنے کی کوشش کی جس پر خاتون وہاں پہنچ گئی۔ خاتون کے بینر پر تحریر پڑھ کر دلہن اور مہمان ہکا بکارہ گئے اور دلہن نے شادی سے ہی انکار کر دیا۔