کراچی میں رہنے والے پنجابی زیادہ ترسرکاری اور غیر سرکاری ملازمتوں، پولیس یا مسلح افواج میں خدمات سر انجام دیتے تھے،چھوٹا موٹا کاروبار بھی کرلیتے تھے

 کراچی میں رہنے والے پنجابی زیادہ ترسرکاری اور غیر سرکاری ملازمتوں، پولیس ...
 کراچی میں رہنے والے پنجابی زیادہ ترسرکاری اور غیر سرکاری ملازمتوں، پولیس یا مسلح افواج میں خدمات سر انجام دیتے تھے،چھوٹا موٹا کاروبار بھی کرلیتے تھے

  

 مصنف: محمد سعید جاوید
قسط:130
پنجابی 
کراچی میں رہنے والے پنجابی زیادہ ترسرکاری اور غیر سرکاری دفتری ملازمتوں، پولیس یا مسلح افواج میں خدمات سر انجام دیتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ کوئی چھوٹا موٹا کاروبار بھی کرلیتے تھے۔شروع میں پنجاب سے اتنے زیادہ لوگوں کی کراچی کی طرف آمد اور مستقل قیام کا رجحان نہیں تھا۔ہر چند کہ تقسیم ہند کے وقت مشرقی پنجاب میں اور بعد ازاں ہجرت کے دوران پنجابیوں کا بہت زیادہ مالی اور جانی نقصان ہوا تھا، لیکن ان کو اندرون ہندوستان سے آنے والے مہاجروں کی نسبت یہ برتری حاصل تھی کہ وہ ہجرت کرکے بھی پنجاب ہی کے ایک حصے میں آئے تھے جہاں کی زبان، ثقافت اور رہن سہن جانا پہچانا اور ایک جیسا ہی تھا۔ صرف رہائشی مقام ہی بدلا تھا،باقی سب وہی کچھ تھا جو وہ وہاں چھوڑ آئے تھے۔ اس لیے وہ آتے ہی نسبتا ًزیادہ آسانی اور سرعت سے نئے ماحول میں مدغم ہو کر مقامی آبادی میں گھل مل گئے تھے۔کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے اپنے آپ کو مہاجر کہنا اور کہلوانا بھی ختم کر دیا تھا۔
 یہی وجہ تھی کہ پنجاب کے لوگ انتہائی قلیل تعداد میں کراچی میں آ کرسکونت پذیر ہوئے تھے۔ وہ بظاہر کراچی کی دوسری قومیتوں میں بہت اچھی طرح گْھل مل تو جاتے تھے تاہم انفرادی طور پر و ہ اتنے مؤثر نہیں تھے۔ پولیس اور مسلح افواج میں ان کی بڑی تعداد اور رابطے ہونے کی وجہ سے انہیں قدر ے طاقتور طبقہ تصور کیا جاتا تھا۔ دوسری قومیتوں کی نسبت اردو زبان پر قدرے عبور حاصل ہونے اور کچھ حد تک معاشرتی مماثلت کی وجہ سے یہ اردو بولنے والے طبقے کے زیادہ قریب سمجھے جاتے تھے۔
تعلیم پنجاب میں صدیوں پہلے آگئی تھی اور ان کو اس کی قدر و قیمت کا اندازہ بھی تھا، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خوب پڑھاتے تھے اور اچھے سکولوں میں بھیجتے۔پڑھے لکھے نوجوان اکثر اعلیٰ ملازمتیں کرتے تھے، علاوہ ازیں اعلیٰ تعلیم یافتہ پنجابیوں کی ایک بڑی تعدادسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں درس و تدریس کی ذمہ داریاں بھی نبھاتی تھی۔
جنوبی پنجاب کے دینی مدرسوں سے فارغ التحصیل پنجابی برادری کے لوگ مسجدوں میں دینی تعلیم اور درس وغیرہ کا سلسلہ شروع کردیتے تھے۔ اپنی صدیوں پرانی صلح جو طبیعت کے باعث یہ ہر ایک کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھتے اور کوشش کرتے تھے کہ دوسروں کے ساتھ امن اور آشتی سے رہا جائے۔ 
 (جاری ہے) 
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے۔ ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔(جملہ حقوق محفوظ ہیں)

مزید :

ادب وثقافت -