مری کی قدیمی و تاریخی عمارتیں بحال، جدید ترین سمارٹ ٹرام چلانے کا فیصلہ
لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف سے متحدہ عرب کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی۔لیگی صدر میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اماراتی سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلان کو سراہا گیا، مریم نواز اور میاں نواز شریف نے یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان پر اماراتی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور غذائی تحفظ کے فروغ کیلئے اشتراک پر اتفاق ہوا جبکہ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ اور ڈیری فارمنگ میں معاونت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل و دیگر صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر غور ہوامزید بر آں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس مری میں خصوصی اجلاس منعقد جس میں مری کی قدیمی اور تاریخی عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ مری میں دنیا کی بہترین سٹریٹ کے ماڈل پر مری سٹریٹ قائم کرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں جدید ترین سمارٹ ٹرام چلانے پر اتفاق کیا گیا اور 15روز میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ کا نیا ڈیزائن تیار کرنے کا حکم دیا جس سے 1500سے زائد گاڑیوں کی گنجائش ہوگی۔ پارکنگ پلازہ سے سیاح جدید ٹرام پر مری تک آجا سکیں گے۔ اجلاس میں مری کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل کاؤنٹنگ کیمرے کی تنصیب کے لئے 15 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس میں مری ٹریفک مینجمنٹ کے پلان کی منظوری دی گئی جبکہ مری کیبل کار سروس مرمت کے بعد بحالی فٹنس سرٹیفکیٹ سے مشروط ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ساملی ٹی بی سینی ٹوریم کی اپ گریڈ یشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ سیاحوں کے لئے مال روڈ سمیت مختلف مقامات پر موٹر وے ماڈل پر بہترین ٹوائلٹ بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے سپیشل افراد کے لئے مخصوص ٹائلٹ اور کڈز ریسٹ بنانے کی ہدایت کی اور مال روڈ پرسپیشل افراد اور بزرگوں کے لئے وہیل چیئر سنٹر قائم کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں انٹرٹینمنٹ پارک اور گلمپنگ پوڈویلج کی تجاویز پر غورکیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری کی بارہ روڈز کی تعمیر و توسیع 90فیصد سے زائد مکمل کرلی گئی۔ مری اور گرد ونواح میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے موجودہ سسٹم اور دریائے جہلم سے واٹر سپلائی سکیم لائی جارہی ہے۔ اجلاس کو تجاوزات کے خاتمے،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم کے دوران زخمی اہلکاروں کی مالی امداد کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم جاری رہے گی،سمجھوتہ نہیں ہوگا۔صدر مسلم لیگ ن محمد نوازشریف نے کہا کہ عوامی فلاح وضرورت کے پراجیکٹ میں تاخیر کا سبب بننے والے قوانین میں ترامیم کی جائیں۔ موٹر وے ہم نے بنائی اوردوسرے روکتے رہے۔انہوں نے کہا کہ پراجیکٹس کے ریکارڈ قائم کئے،دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ہم نے ختم کی۔ کورین کمپنی کی بنی سڑک دس سال خراب نہیں ہوئی،ماضی میں موٹر وے کو تباہ کردیا گیا۔ محمد نوازشریف نے کہا کہ قومی اثاثے تباہ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ مری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اورماسٹر پلان پر بریفنگ دی گئی۔سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد بھرت،معاون خصوصی راشد نصر اللہ،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف،کمشنر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ظہیر شیرازی، آر پی او اور دیگر حکام موجود تھے۔
مری