یہودی آباد کاروں نے گاڑیاں پتھر پروف بنانا شروع کردیں
مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) فلسطینی مظاہرین کے پتھراﺅ کے خوف سے یہودی آباد کاروں نے اپنی گاڑیوں کو پتھر پروف بنانا شروع کردیا ۔اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کا پتھراﺅ اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں کو غیرمعمولی نقصان پہنچانے کا موجب بن رہا ہے ، طاقت کے استعمال سے بھی نہ روکے جانے کے باعث صہیونی حکومت نے بڑی رقم گاڑیوں کو پتھر پروف بنانے پر صرف کرنا شروع کردی ہے ۔اخبار کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کی خارجہ وسیکیورٹی کمیٹی نے اس مقصد کیلئے اڑھائی ملین شیکل رقم مختص کرنے کی منظوری دی ہے ۔رپورٹ کے مطابق 2013ءمیں مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں پر 2 ہزار 479 مرتبہ مشتعل فلسطینیوں کی جانب سے پتھراﺅ کیا گیا ان حملوں میں 132 یہودی زخمی ہوئے۔ 2012ءمیں پتھراﺅ کے رجسٹرڈ واقعات کی تعداد 2086 ریکارڈ کی گئی تھی ان میں 71 یہودی زخمی ہوئے تھے جبکہ 2011ءمیں پتھراﺅ کے 1769 واقعات رجسٹرڈ کئے گئے جن میں 44 یہودی زخمی ہوئے تھے۔