حامد کرزئی کے بھائی قیوم کرزئی افغان صدارتی انتخاب سے علیحدہ ہو گئے،سابق وزیر خارجہ زلمے رسول کی حمایت کا اعلان
کابل (اے پی پی) افغانستان کے صدر حامد کرزئی کے بڑے بھائی قیوم کرزئی نے 5 اپریل کے صدارتی انتخابات سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق قیوم کرزئی الیکشن میں سابق وزیر خارجہ زلمے رسول کی حمایت کریں گے۔ اس حوالے سے کچھ دنوں سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ بھی جاری تھا کہ افغان صدر کی رہائش گاہ پر بھی قیوم کرزئی کی انتخابی عمل سے دستبرداری کے بارے میںاجلاس ہوئے ہیں۔ قیوم کرزئی کی دستبرداری کے بعد اب افغان صدارتی انتخابات کے لیے دس امیدوار باقی رہ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل حامد کرزئی نے اپنے بھائی کو انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے کا کہا تھا ۔