مصری سفیر حماس کے معاملات میں مداخلت کر کے خود کو متنازعہ بنانے سے گریز کریں، ڈاکٹر سامی ابو زہری
غزہ (این این آئی) حماس نے رام اللہ میں تعینات مصری سفیر وائل عطیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حماس کے معاملات میں مداخلت کر کے خود کو مزید متنازعہ بنانے سے گریز کریں اور اپنے سفارتی مقام کا خود احترام کریں۔ حماس ترجمان ڈاکٹر سامی ابوزھری نے غزہ کی پٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں مصری سفیر کے تازہ بیانات بالخصوص مصر میں حماس پر پابندی لگائے جانے کے بعد حماس پر کی جانے والی بلا جواز تنقید کی مذمت کی۔ ترجمان نے کہا کہ مصری سفیر اپنے ملک کا بحران فلسطین میں درآمد کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ ترجمان نے کہا کہ مصری سفیر کا اندازاور طریقہ کار سفارتی نہیں وہ فلسطین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مرتکب ہو رہے ہیں انہیں اپنے سفارتی مقام کا احترام خود کرنا چاہئے۔
فلسطین کے اندورنی معاملات میں ان کی مداخلت ان منفی تاثر پیدا کر رہی ہے۔ فلسطین کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے مصرمیں حماس پر پابندیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر ترجمان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا کوئی فرد مصری عدالت کے فیصلے کو آئینی اور منصفانہ تسلیم نہیں کرتا۔