فیصل آباد چیمبر میں موٹر وے پولیس کے تعا ون سے روڈ سیفٹی کے عنوان پر سیمینار
فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں موٹر وے پولیس کے تعا ون سے روڈ سیفٹی کے عنوان پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ محمد عامر شاہ ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ موٹر وے پولیس نے روڈ سیفٹی کے حوالے سے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حادثات کی سب سے بڑی وجہ سیفٹی میئرز کو نہ اپنانے سے ہے۔ اس سیمینار میں ایک جامع پریزنٹیشن بھی دی گئی جس میں یہ واضح بھی کیا گیا کہ حادثات کی سولہ فیصد شرح ماحول اور گاڑیوں میں خرابی کی وجہ سے ہوتی ہے جبکہ 84فیصد حادثات کی وجہ انسانی غفلت کی بنا ءپر ہوتی ہے۔اس میں بتایا گیا کہ 28ہزار اموات روڈ ایکسیڈنٹ کی وجہ سے ہوئیں جو کہ دہشت گردی میں ہونے والی اموات سے کہیں زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے استعمال میں سیفٹی کمپوننٹس کو مدِنظر رکھا جائے اور اوور سپیڈنگ سے ہر صورت میں پرہیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر سفر کرتے ہوئے ان کی ہیلپ لائن موجود ہے جو کہ فوری طور پر کسی بھی حادثے کی صورت میں تعاون اور مدد کے لئے موجود ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر بائیک کے سفر میںہیلمٹ کا استعمال بہت ضروری ہے۔اس موقع پر سینئر نائب صدر ریاض الحق نے کہا کہ قوموں کی تہذیب و تمدن کا اندازہ ان کے ٹریفک نظام سے لگایا جا سکتا ہے۔ حادثات کی سب سے بڑی وجہ لا پرواہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پا نچ سالوں کے دوران فیصل آباد میں ٹریفک کے 93'500حادثات ہوئے جن میں 776 اموات واقع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ارد گرد روز مرہ معمولاتِ زندگی میں روڈز پر اکثر اوقات حادثات ہوتے ہیں اور آئے دن ان حادثات کی شرح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ روڈ سیفٹی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے تاکہ سیفٹی اقدامات کو اپناتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر چوہدری محمد اصغر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔