ایشین کوالیفائنگ شوٹنگ ٹورنامنٹ آج شروع ہو گا
کویت سٹی (اے پی پی) انٹرنیشنل سپورٹس شوٹنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشین کوالیفائنگ شوٹنگ ٹورنامنٹ (آج) جمعہ سے کویت میں شروع ہو گا۔ ایونٹ میں پاکستانی ٹیم بھی ایکشن میں دکھائی دے گی۔ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان (این آر اے پی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایونٹ میں پانچ رکنی قومی ٹیم شرکت کرے گی، سکواڈ میں دو مرد حاشر برلاس اور عبدالقدوس ایک خاتون جویریہ شفقت شامل ہیں ۔
جبکہ ظفر اقبال بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ این آر اے پی کے ایگزیکٹو نائب صدر رضی احمد خان جو کہ ٹیم مینیجر بھی ہیں نے بتایا کہ ایونٹ میں ایشیا کے 35 ممالک سے مردوخواتین کھلاڑی قسمت آزمائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سپورٹس شوٹنگ فیڈریشن کے قوانین کے مطابق جو بھی شوٹر ایونٹ میں 550 سے زائد سکور کرے گا وہ چین میں شیڈول یوتھ اولمپکس میں شرکت کے اہل ہوں گے۔