ایشیا کرکٹ ، پاکستان اور سری لنکا فائنل میں کل مدمقابل ہو نگے
ڈھاکہ (اسپورٹس ڈیسک ) ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام کھیلے جانے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کل کستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ دن ایک بجے اور مقامی وقت کے مطابق یہ میچ دن دو بجے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے شیر بنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا ۔ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جبکہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت اینجلو میتھوز کریں گے ۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسرے میں پاکستان نے افعانستان کو شکست دی تھی۔ تیسرے میچ میں پاکستان نے کانٹے دار مقابلے میں بھارت کو زیر کیا اور گزشتہ روز کھیلے جانے والے اپنے آخری میچ میں پاکستانی شاہینوں نے میزبان بنگلہ دیش کو شکست دیتے ہوئے فائنل تک اپنی راہ ہموار کی تھی ۔ ایشیا کپ کے اس فائنل میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں تیسری مرتبہ آمنے سامنے ہونگی ۔ اس سے پہلے سری لنکا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل 6اپریل 1986کو کھیلا گیا۔ اس میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ دوسری مرتبہ دونوں ٹیمیں 7 جون 2000 کو ایشیا کپ کے فائنل میں مد مقابل تھیں ۔ اس میچ میں پاکستان نے 39 رنز سے کامیابی اپنے نام کی ۔
اب تک کھیلے جانے ایونٹس میں سری لنکا نے 4 میں کامیابی اپنے نام کی ہے جبکہ پاکستان دو مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوا ۔ ایشیا کپ میں بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں نے بھی شرکت کی ۔