انٹر یونیورسٹی کبڈی کا ٹائٹل یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے جیت لیا

انٹر یونیورسٹی کبڈی کا ٹائٹل یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے جیت لیا

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پنجاب سپورٹس فیسٹیول کے ایجوکیشن سیکٹر میں بیڈمنٹن، کرکٹ اور کبڈی کے مقابلوں کا شاندار انعقاد اختتام پزیر ہو گیا۔ انٹر یونیورسٹی کبڈی کا ٹائٹل یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے جیت لیا ۔ فائنل میچ میں سرگودھا یونیورسٹی کو 31 کے مقابلے 51 پوائنٹس سے شکست دی۔ جبکہ کالج کی سطح پر ہونے والا کبڈی کا مقابلہ پنجاب کالج لاہور جیت لیا۔ فائنل میچ میں لاہور کے پنجاب کالج نے فیصل آباد پنجاب کالج کو 56-48 سے ہرایا۔ کرکٹ کے یونیورسٹی لیول میں مردوں کے مقابلے میں سرگودھا یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کو جبکہ کالج کی سطح پر ہونے والے مقابلے میں پنجاب کالج آف کامرس لاہور نے پوسٹ گریجویٹ کالج ملتان کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔ گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ہال میں یونیورسٹی طلباءکے مابین بیڈ منٹن کے مقابلے پنجاب یونیورسٹی کے نام رہے ۔ فائنل میں پی یو نے سرگودھا یونیورسٹی کو صفر کے مقابلے 2 سیٹ سے شکست دی ۔ مختلف کالجوں کے مابین بیڈمنٹن مقابلوں میں لاہو رکی ٹیم نے سرگودھا کو صفر کے مقابلے 2 سیٹ سے شکست دے کر فائنل ٹرافی اپنے نام کی۔ مقابلوں کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑی اور پنجاب کالج ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عمار کا کہنا تھا کہ انہیں سپورٹس فیسٹیول کے زیر اہتمام ان مقابلوں میں شرکت کرنا بہت اچھا لگا ۔

اور ان مقابلوں کے دوران ان کا سامنا سخت حریفوں سے ہوا جس سے ان کے کھیل اور تجربہ میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک اور کھلاڑی سبحان کا کہنا تھا کہ سپورٹس فیسٹیول نے نوجوانوں میں مقابلوں کی فضاءپیدا کردی ہے

 اس طرز پر حکومت کو ہر سال یہ مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرانے چاہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی