انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں شکست دےدی

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں شکست دےدی

کنگسٹن (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 25 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ جوروٹ کی شاندار سنچری کی بدولت انگلش ٹیم نے کالی آندھی کو فتح کیلئے 303 رنز کا ہدف دیا ، دنیش رامدین نے آخر دم تک ٹیم کو فتح دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم انگلش باﺅلرز نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا اور پوری ٹیم 47.4 اوورز میں 278 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ رامدین نے 5 شاندار چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 128 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ جوروٹ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اینٹی گوا میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کے قائد ڈیوائن براوو نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 303 رنز بنائے، جو روٹ نے ڈٹ کر کالی آندھی کے باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری سکور بنائی، جوز بٹلر ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 99 رنز بنا کر روی رامپال کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کالی آندھی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، 131 کے مجموعی سکور پر اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ دنیش رامدین نے ڈٹ کر انگلش باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور انہوں نے آخر دم تک ٹیم کو فتح دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی لیکن انگلش باﺅلرز نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی