میڈیکل ایجوکیشن پر مبنی عالمی کانفرنس”ایمی 2014“آج شرو ع ہو گی
لاہور( جنرل رپورٹر) میڈیکل ایجوکیشن پر بین الاقوامی کانفرنس"ایمی"2014 آج سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں شروع ہو رہی ہے ایسوسی ایشن فار ایکسی لینس ان میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام تین روز تک جاری رہنے والی کانفرنس کا انعقاد اسراءیونیورسٹی اسلام آباد، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور، علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور، فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف پاکستان، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور، سی ایم ایچ میڈیکل کالج لاہور اور لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہورکے اشتراک سے ہورہا ہے اس حوالے سے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم نے بتایا کہ ایمی کانفرنس2014ءمیں پاکستان اور غیر ممالک سے آئے 600سے زائد ماہرین صحت اور ریسرچرز ، ڈاکٹروں اور طلبہ کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کانفرنس کے پہلے دن غیر ملکی ماہرین کی مدد سے 20ورکشاپس کا انعقاد کیا جارہا ہے اس میں شرکت کیلئے امریکہ اور برطانیہ سے میڈیکل ایجوکیشن کے ماہرین لاہور پہنچ چکے ہیں ان میں عالمی فیڈریشن برائے میڈیکل ایجوکیشن کے صدر پروفیسر سٹیفن لنڈگرن، ایجوکیشن کمیشن فار فارن میڈیکل گریجویٹس امریکہ کے اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر جان جیک آربولٹ، نامور میڈیکل ایجوکیشنسٹ اور امریکہ کی یونیورسٹی آف ایلی نوائس کے ایسوسی ایٹ ڈین پروفیسرآراٹیکین، عالمی تنظیم برائے ترقی بین الاقوامی طبی تعلیم و تحقیق کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر جان نارسینی، اوپن یونیورسٹی برطانیہ کی پروفیسرآف میڈیسن ڈاکٹر جنیٹ گرانٹ اور لیور پول یونیورسٹی برطانیہ کے ماہرین تعلیم ڈاکٹر جینٹ سٹرائیونزاور ڈاکٹر آئن ویلس شامل ہیں