لاہور ہائی کورٹ کا قصور میں گدھوں کا گوشت فروخت کرنے کا سخت نوٹس ایک ہفتے میں رپورٹ طلب

لاہور ہائی کورٹ کا قصور میں گدھوں کا گوشت فروخت کرنے کا سخت نوٹس ایک ہفتے میں ...

             لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے قصور شہرمیں گدھوں کاگوشت فروخت کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور کو ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔قصور کی ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر سینکڑوں کلو گرام گدھے کا گوشت قبضے میں لے لیا۔ ٹیم کے مطابق گوشت کو مارکیٹ میں فروخت کرنے کیلئے تیار کیاجارہا تھا، گروہ کے سربراہ جارج مسیح کو موقع پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزم جارج مسیح کا کہنا تھا کہ وہ گدھے کے گوشت سے صرف چربی حاصل کر رہے تھے جو کہ صابن وغیرہ کی تیاری میں استعمال ہو تی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم اس الزام کی وضاحت نہ کر سکا کہ گدھے کے گوشت کو گائے کے گوشت کی طرح کیوں کاٹا جارہا تھا اور یہ تمام عمل ایک خفیہ جگہ پرکیوں کیا جار رہا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ اگر ملزم کی بات پر یقین کر بھی لیا جائے کہ وہ محض چربی کو صابن کی تیاری کیلئے نکال رہے تھے تو بھی یہ غیر قانونی عمل ہے تاہم پولیس تفتیش کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف سلاٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

گدھوں کاگوشت

مزید : صفحہ اول