مشیر اور سیکرٹری ہیلتھ کا نشتر ہسپتال کا دررہ،سوائن فلو کے مریضوں کی عیادت
لاہور( جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری ہیلتھ بابر حیات تارڑ کے ہمراہ گزشتہ روز نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج سوائن فلو کے مریضوں کی عیادت کی ۔ خواجہ سلمان رفیق ہسپتال میں زیر علاج سوائن فلو کے 7 مریضوں کے پاس فردا فردا گئے اور ان کی خیریت معلوم کرنے کے علاوہ ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت عالمی ادارہ صحت اور وبائی امراض کی روک تھام کے ماہرین کے تعاون سے سوائن فلو کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے اور اس وقت تمام ماہرین ملتان میں موجود ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے نشتر ہسپتال کے دورے کے بعد سوائن فلو کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔جس میں سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں ڈاکٹر عطاءالرحمن ، ڈاکٹر ارسلان ،پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر سمیع اختر،ای ڈی او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر افتخار قریشی،ڈائریکٹر ہیلتھ سی ڈی سی ڈاکٹر احمد عفیفی ،ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عاشق حسین،ایم ایس ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر مختار ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایپی ڈیمک کنٹرول اینڈ رسپانس ڈاکٹر جعفر الیاس اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے مزید تیز رفتاری سے اقدامات کریں۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے حکام سے بھی رابط کیا ہے اور لائیو سٹاک کی ٹیموں نے علاقے میں پولٹری فارمز اور لائیو سٹاک فارمز کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی ہے۔
ہسپتال دورہ