فوری انصاف ۔۔۔24سال عدالتوں میں دھکے کھانے والی کی سنی گئی
لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہورہائیکورٹ نے اراضی کی جعلی منتقلی کے خلاف 24سال سے عدالتوں کے چکر لگانے والے شہری کی درخواست پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پٹواری، تحصیل دار، نائب تحصیل دار سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا عدالت نے انٹی کرپشن کو حکم دیا کہ12مارچ کو ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ اراضی کی جعلی منتقلی پر کیس کی سماعت میں درخواست گزارحاجی فضل نامی شہری نے مو¿قف اختیار کیا کہ ملزم محمد عارف نے جعلی انتقال پاس کرواکراس کی 13کنال اراضی ہتھیالی ہے اورانصاف کیلئے وہ گزشتہ 24سال سے دھکے کھا رہے ہیں۔ اس کے خلاف محکمہ انٹی کرپشن کوبھی درخواستیں دی گئیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔درخواست گزارکا مو¿قف سننے کے بعدعدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کوحکم دیا کہ ملزمان کوگرفتار کرکے 12 مارچ تک عدالت میں پیش کیاجائے۔