انوکھا لاڈلا۔۔۔وزیر کے بیٹے کے غصے پر جہاز کو واپس بلانا پڑا
لبنان(مانیٹرنگ ڈیسک)عراق کی حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ کے بیٹے نے پرواز چھوٹ جانے پر بہت انوکھے طریقے سے غصہ نکالا۔ موصوف نے پوری کی پوری فلائیٹ کو ہی مصیبت میں ڈال دیا،عراقی وزیر ٹرانسپورٹ کے بیٹے نے پرواز لبنان سے عراق جانے والی ایک مسافر پرواز کو واپس موڑ دیا ۔مڈل ایسٹرن ایئر لائن کا کہنا ہے کہ وزیر کے بیٹے نے بغداد میں حکام کو فون کر کے کہا کہ جہاز کو عراق میں اترنے نہ دیا جائے۔ایئر لائن کے مطابق جہاز کو 21 منٹ کی پرواز کے بعد واپس لوٹنا پڑا۔وزارت ٹرانسپورٹ نے واقعے کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ ہوائی اڈّے کی صفائی تھی۔وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر کے بیٹے اس پرواز پر سفر نہیں کر رہے تھے۔ ترجمان کریم النوری کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈّے پر صفائی جاری تھی جس کے لیے مخصوص اقدامات کیے گئے تھے تاہم ایئر لائن کے چیئرمین مروان صالحہ نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی ’پریشان کن‘ اور ’اقربا پروری کی مثال‘ ہے۔ادھر بغداد ائیرپورٹ کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعرات کو ہوائی اڈے پر پروازیں معمول کے مطابق آ رہی تھیں اور ائیر پورٹ پر 30 پروازیں اتریں۔مروان صالحہ نے بتایا کہ یہ پرواز جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق 1240 پر روانہ ہونی تھی مگر وہ چھ منٹ تاخیر سے اس لیے روانہ ہوئی کیونکہ عملہ مہدی الامیری کو ڈھونڈتا رہا جو کہ وزیر ٹرانسپورٹ ہادی الامیری کے بیٹے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب مہدی الامیری گیٹ پر پہنچے اور انہیں معلوم ہوا کہ پرواز روانہ ہو چکی ہے تو وہ انتہائی غصے میں آگئے اور انہوں نے عملے کو دھمکی دی کہ وہ جہاز کو بغداد میں اترنے نہیں دیں گے۔مروان صالحہ کےمطابق پرواز کو بیروت واپس آنا پڑا اور اسے منسوخ کر دیا گیا جس کی وجہ سے 71 مسافروں کو متبادل ذرائع ڈھونڈنا پڑے۔