ورلڈکپ؛ بھارت کی مسلسل چوتھی کامیابی، ویسٹ انڈیز کو 4وکٹوں سے ہرا دیا

ورلڈکپ؛ بھارت کی مسلسل چوتھی کامیابی، ویسٹ انڈیز کو 4وکٹوں سے ہرا دیا

 پرتھ (سپورٹس رپورٹر) دفاعی چیمپئن بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔ اس فتح کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، کالی آندھی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 8 رنز پر اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈیوائن سمتھ 6 رنز بنانے کے بعد محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مارلون سیموئلز رن آؤٹ ہو کر بھارت کا دوسرا شکار بنے، وہ 2 رنز بنا پائے، کالی آندھی کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب جارح مزاج بلے باز کرس گیل ایک چھکا لگانے کے بعد محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ہولڈر نے بھارتی باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد جدیجا کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، اس طرح ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 44.2 اوورز میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد شامی نے 3 جبکہ اومیش یادو اور روندرا جدیجا نے دو، دو، ایشون اور موہت شرما نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 40 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں پر حاصل کیا۔ ہدف کے حصول میں کالی آندھی کے باؤلرز نے بھارت کو ٹف ٹائم دیا لیکن کپتان دھونی نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دھونی 45 اور ایشون 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ روہت شرما 7، دھاون 9، ویرات کوہلی 33، راہانے 14، سریش رائنا 22 اور جدیجا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیروم ٹیلر اور اینڈر رسل نے 2، 2، کیمر روچ اور سمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...