پاکستانی ٹیم کے مسائل، کھلاڑیوں کے اکاؤنٹ؟
ورلڈکپ کے مقابلوں میں مسائل اور اختلافات کا شکار، پاکستان کرکٹ ٹیم آج جنوبی افریقہ کے چڑھتے طوفانی حملوں کا مقابلہ کرے گی۔ عرفان احمد اَن فٹ ہوئے تو حارث سہیل کی ایڑی بھی دُکھ رہی ہے، جبکہ سرفراز احمد اور یونس خان کو کھلانے پر پھڈا چل رہا ہے اس پھڈے کی وجہ سے کپتان اور ٹیم مینجمنٹ میں بھی کچھ ناخوشگوار ماحول بنا ہے۔ سہیل خان بھی تو پیر درد کے لئے برفانی ٹکور اور درد کش انجکشن لگوا کر میچ کھیلے گا۔ یوں فاسٹ باؤلروں میں سارا بوجھ وہاب ریاض اور راحت علی پر آئے گا۔بہرحال موسمی پنڈتوں نے یہ اطلاع دی ہے کہ آج کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا قوی امکان ہے اور اگر بارش کے باعث کھیل نہ ہوا تو یہ پاکستان کے فائدے میں ہو گا۔ بہرحال اب کچھ قسمت اور نصیب کی بھی بات ہے۔ دیکھیں مقدر کیا دکھاتا ہے۔اِدھر پاکستان میں یہ خبر شائع ہوئی کہ احتساب بیورو نے کپتان مصباح الحق اور آفریدی سمیت بعض سینئر کھلاڑیوں کے اکاؤنٹ اور اثاثوں کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔اطلاع ملی کہ حال ہی میں ان کھلاڑیوں کے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم منتقل ہوئی ہے۔نیوزی لینڈ میں مسائل اور پاکستان میں یہ تحقیقات دونوں ہی کھلاڑیوں کے مورال پر اثر انداز ہونے کی صورت ہے،کہ پاکستان میں شائع ہونے والی اس خبر سے کھلاڑیوں کو ضرور آگاہ کیا جائے گا۔ ہر دو صورتوں میں حالات سازگار نہیں ہیں۔ایسے میں اگر پاکستانی کھلاڑی حوصلہ نہیں ہارتے اور کھیل میں سرخرو ہوتے ہیں تو بہت بڑی کامیابی ہو گی۔ بہرحال حالات دوسری طرف سے موافق ہو رہے ہیں کہ پاکستان کو اگلا میچ آئر لینڈ سے بہتر رن ریٹ سے جیتنا ہو گا،ایسی صورت میں کوارٹر فائنل تک رسائی یقینی ہو جائے گی۔ قوم تو اب بھی دُعا مانگ رہی ہے، کھلاڑیوں کو ہمت کرنا ہے۔ *