قرآن پاک پوری دنیا کیلئے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے،پروفیسر ڈاکٹر اکرم چودھری

قرآن پاک پوری دنیا کیلئے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے،پروفیسر ڈاکٹر اکرم ...

لاہور(جنرل رپورٹر)قرآن حکیم ایک ایسی مقدس اور عظیم کتاب ہے جو پوری نسلِ انسانی کے لئے ہدایت وراہنمائی کا سرچشمہ ہے چودہ سوبرسوں میں جتنی بھی تحقیق ہوئی اور انسانیت کے لئے آسانیاں پیدا ہوئیں وہ اسی کتاب کی مرہونِ منت ہیں نئے راستے تلاش کرنا اورنئی نئی ایجادات کو سامنے لانا انسان کی فطرت میں شامل ہے لیکن ان کاموں کے لئے کسی نہ کسی طور پر راہنمائی کی ضرورت رہتی ہے اور یہ کام انسانیت کے لئے قرآن کریم نے سرانجام دیا جو آج دنیا میں سب سے زیادہ عظمت والی اور سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے اور یہی وہ کتاب ہے جو چودہ سوبر س سے ایک مسلسل معجزہ کے طور پر بھی موجود ہے جس میں آج تک ایک لفظ تو بہت دور ایک نقطے کی بھی کمی وبیشی نہیں ہوئی۔اگرچہ اس کے دشمنوں نے لاکھ کوششیں کیں لیکن یہ کتاب آج بھی ہمارے سامنے اپنی اصل حالت میں موجود ہے ۔یونیورسٹی آف سرگودھا کایہ منفرد اعزاز ہے کہ وہ حفاظ کرام کو مکمل ٹیوشن فیس کی رعایت دیتی ہے۔ حفاظ کرام کے مکمل اعزاز کے لئے یونیوسٹی نے گزشتہ ہفتے ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں1000حافظ طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔یونیوسٹی حفاظ کی کثیر تعداد سرگودھا کے مین کیمپس کے علاوہ میانوالی اور بھکر کیمپسز سے بطورِ خاص اس پروگرام میں شرکت کے لئے آئی تھی۔حفاظ کے علاوہ تقریباََ ایک ہزار مہمانوں نے بھی اس پر نور تقریب میں ہمہ تن گوش ہو کر شرکت کی۔یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چودھری قرآنی علوم سے خاص شغف رکھتے ہیں۔ نیز انہیں حسن بیان کا زبردست ملکہ حاصل ہے اور وہ بڑے دلنشین انداز میں سامع کے دل میں اپنی بات اتار دیتے ہیں۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چودھری نے اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک صرف پڑھنے ہی کے لئے نہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبرؐ پر اتاری بلکہ یہ کتاب سارے کرہ ارض پر ایک عادلانہ معاشرہ قائم کرنے کے لئے اتاری گئی تھی۔اُنہوں نے کہا کہ قرآن پاک ایک مسلسل معجزہ ہے اور اس کی حیران کن باتیں کبھی ختم نہیں ہوں گی۔انہوں نے نے مزید کہا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے قیامت تک کے مسائل کا حل بتایا ہے اور یہ ایک ایسی کتاب ہے جس کی نقل دنیا کے بڑے سے بڑے ادیب کرنے سے قاصر رہے اور قرآن جیسی ایک آیت نہ بنا سکے۔انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ بدنصیبی ہمیشہ قرآن پاک پر تنقید کرنے والوں کا مقدر بنی آج تک اس کتاب پر ایک بھی اعتراض ثابت نہیں ہو سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور مسلمان ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھیں اور اس کا اصل پیغام دنیا تک پہنچائیں ۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا نے اس موقع پرحافظ طلبہ وطالبات سے خصوصی طور پر مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے مضامین کے طالب علم ہوتے ہوئے قرآن پاک کو سمجھ اور سوچ کے ساتھ پڑھیں اور اس کے مفہوم کو بار بار سمجھیں اور علومِ قرآنیہ سے نئی نئی ایجادات دنیا کے سامنے پیش کریں۔کیونکہ وہی اقوام ترقی کرتی ہیں جو علم میں آگے ہیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شعبہ اسلامیات پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف ظفر نے کہا کہ قرآن پاک دنیا بھر کے انسانوں کے لئے راہ ہدایت ہے۔انہوں نے اس موقع پر حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص قرآن پاک کو حفظ کرتا ہے وہ سیدھا جنت میں جاتا ہے، شعبہ اسلامیات کے اُستاد پروفیسر فضل حق نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں اس وقت کُل ایک ہزار (1000)حفاظ زیر تعلیم ہیں جن کی ٹیوشن فیس مکمل طور پرمعاف ہے جبکہ داخلے کے موقع پر حفاظ کو 20فیصد میرٹ میں اضافی نمبر بھی دئیے جاتے ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ حفاظ کرام کے لئے یونیورسٹی میں باقاعدہ حفظ کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے اور اس ٹیسٹ کو پاس کرنے والے ہی کو ٹیوشن فیس میں مکمل رعایت دی جاتی ہے ۔اس موقع پر شعبہ اسلامیات کے اُستاد پروفیسر ڈاکٹر فیروزالدین شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا پورے پاکستان کی واحد جامعہ ہے جس میں سب سے زیادہ حفاظ ہیں اور ان حفاظ کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری کے ایک خاص ویژن کے تحت مکمل سہولیات دی گئی ہیں ۔یہ وائس چانسلر کا قرآن پاک کے ساتھ دلی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اس موقع پرڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر پروفیسر ڈاکٹرمحمد افضل،ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ بہورئیل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام یسیٰن ،ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو وسائنسز پروفیسر ڈاکٹر مقبول حسین سیال، ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ ڈاکٹر حسین احمد پراچہ ،پرنسپل لاء کالج پروفیسر ڈاکٹرعبدالرشید ،ریذیڈنٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان ،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر عامر علی ،شعبہ جات کے صدور،انتظامی افسران اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1