تعلیمی انقلاب لائے بغیر ملک حقیقی ترقی نہیں کر سکتا،محمد جمیل

تعلیمی انقلاب لائے بغیر ملک حقیقی ترقی نہیں کر سکتا،محمد جمیل

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ تعلیمی انقلاب لائے بغیرملک کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کے ثمرات سے بہرہ ور نہیں کیا جاسکتا، تعلیم کو عام کرکے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو بھی جڑ سے ختم کیا جاسکتا ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہافروغ تعلیم کیلئے حکمرانوں کے تمام دعوے پانی کا بلبلہ ثابت ہورہے ہیں اورایک سازش کے تحت تعلیم کو مکمل طور پر کاروبار بنادیا گیا ہے،سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زار حکمرانوں کے گڈ گورنس کے دعووں کا منہ چڑا رہی ہے،چھوٹی چھوٹی عمارتوں میں نجی سکول قائم ہیں

جہاں بچوں کیلئے تفریح کی کوئی سہولت سرے سے موجود ہی نہیں،بھاری فیسوں کے خوف سے غریب لوگ اپنے بچوں کو سکول میں داخل ہی نہیں کرواتے ،پنجاب حکومت کا انرولمنٹ پروگرام بری طرح فلاپ ہوچکا ہے،جس ملک میں والدین کو اپنے بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ اور ب فارم کے حصول کیلئے رشوت دینا پڑے وہاں تعلیم کا معیار کیا ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا شرح خواندگی میں اضافے کیلئے مؤثر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو معاشر ے کو زوال سے کوئی نہیں روک سکتا ،تعلیم نہ ہونے کے باعث عدم برداشت کا رویہ تیزی سے فروغ پارہا ہے اور اخلاقی قدریں توختم ہی ہوتی جارہی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1