خصوصی اکنامک زون کے قیام سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا: خواجہ خاوررشید

خصوصی اکنامک زون کے قیام سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا: خواجہ خاوررشید

لاہور(کامرس رپورٹر)سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن)ٹریڈر زونگ پنجاب و ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ خاور رشیدنے کہا کہ خصوصی اکنامک زون کے قیام اور نیا شہر آباد کرنے کا منصوبہ صنعتی،معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی اکنامک زون کا قیام اور نیا شہر آباد کرنے کے مجوزہ منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

اور معروف بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرکے جی الفوز ضروری کام شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا مجوزہ منصوبے پر عملدرآمد سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔حکومت پنجاب عوام کو روزگار فراہم کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ صنعتی ترقی کیلئے توانائی کے بحران کا خاتمہ بہت ضروری ہے جس پر کئی حوالوں سے کام جاری یے اور قائداعظم پارک کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔گوادر پورٹ اور پاک چائنا اکنامک کاریڈور خطے کی خوشحالی کا اہم منصوبہ ہے،یہ منصوبہ خطہ میں اور پاکستان کیلئے نئی معاشی زندگی کا باعث ہو گا۔خاور رشید نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں ساٹھ کلومیٹر طویل نئی شاہراہ ہزارہ موٹر وے کی تعمیر کا افتتاح کیا،اس کو منصوبہ کا پہلا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹر ک کے علاوہ اس کاریڈور میں ریلوے لائن،تیل اور گیس کی پائپ لائنیں اور فائبر آپٹکس کیبلز بچھائے جانے کی تجویز بھی منظور کی جا چکی ہے،یہ منصوبہ خطے میں گیم بدل دے گا جس سے کاشغر گوادر پراجیکٹ سے دنیا کے تین ارب لوگوں کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں مشترکہ تجارتی اور ٹرانسپورٹ کا ریڈور کا قیام عمل میں لائیں گے جس کے ذریعے خطے کی تجارت دنیا کے ترقی یافتہ خطوں کی طرح تیز اور با سہولت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بھر پور آگاہ ہے اور حکومت کی جانب سے ملکی کی معاشی سر گرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

مزید : کامرس