ہیلتھ یونیورسٹی کے زیر اہتمام پراجیکٹ پروفیشنلزم پنجاب کی تقریب تقسیم انعامات
لاہور (جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیر اہتمام پراجیکٹ پروفیشنلزم پنجاب کی پہلی تقریب تقسیم انعامات جمعہ کے روز یونیورسٹی کے شمس آڈیٹوریم میں ہوئی تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق پرنسپل کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج پروفیسر محمود علی ملک اور گیسٹ آف آنرنامور ماہر امراض دل ڈاکٹر مقبول ایچ جعفری تھے جنوری 2015ء کیلئے بہترین خاکہ کہانی کا انعام ایوسنیامیڈیکل کالج لاہور کی آمنہ ریاض، تصویر کہانی پر پہلا انعام سی ایم ایچ لاہور میڈیکل کالج لاہور کی ڈاکٹر سارہ خالد خان جبکہ ویڈیو کلپ کہانی پرپہلا انعام ایوسنیامیڈیکل کالج کی عمارہ آفتاب نے حاصل کیا مہمانِ خصوصی نے طلبہ میں کیش انعامات اور سرٹیفیکٹ تقسیم کئے تقریب میں میڈیکل کالجوں کے طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اپنے خطاب میں پروفیسر محمود علی ملک نے کہا پروفیشنلزم میڈیکل کے ہر شعبہ کا لازمی جز ہے۔ یو ایچ ایس کا یہ پراجیکٹ میڈیکل سٹوڈنٹس کی تربیت کی بہت اچھی کوشش ہے جس کیلئے یونیورسٹی مبادکباد کی مستحق ہے۔ ڈاکٹر مقبول جعفری نے کہا کہ کسی بھی شعبے سے زیادہ میڈیسن میں پروفیشنلزم کی ضرورت ہے کیونکہ ہم ڈاکٹر انسانوں کا علاج کرتے ہیں اور یہاں غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر محمد اسلم نے کہا کہ یونیورسٹی اس طرح کی مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ پراجیکٹ کے انچارج یو ایچ ایس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر جنید سرفراز خان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے میڈیکل پروفیشن پر ماحول ، معاشرے ، ثقافت اور تعلیم کے اثرات کا جائزہ لیا جاسکے گا، اور ڈاکٹروں اور دوسرے ہیلتھ پروفیشنلز کے پیشہ وارانہ رویے میں بہتری لائی جاسکے گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ ہے۔ پراجیکٹ پروفیشنلز پنجاب کے نام سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزنے کہانی نویسی کے ذریعے میڈیکل سٹوڈنٹس اور ہیلتھ پروفیشنلز کی پیشہ وارانہ تریبت کے منفرد پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔اس پراجیکٹ کے تحت یونیورسٹی کی ویب سائیٹ پر ہر ماہ ایک خاکہ کہانی ، ایک ویڈیو کلپ اور ایک تصویر اپ لوڈ کی جاتی ہے اور میڈیکل سٹوڈنٹس اور دوسرے ہیلتھ پروفیشنلز کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس کہانی یا تصویر کو سامنے رکھتے ہوئے اس موضوع پر اپنے تجربات کو ایک مختصر کہانی یا آپ بیتی کی شکل میں پیش کریں ۔ ان تمام کہانیوں کو ہر ماہ کے آخر میں جانچا جاتا ہے اور بہترین کہانی کو کیش انعام دیا جاتا ہے۔