قتل کے مقدمہ کی پیروی کرنیوالی خاتون کو سنگین دھمکیاں ، کیس کی سماعت آج ہو گی
لاہور (نامہ نگار) ایڈیشنل سیشن جج ارشد حسین کی عدالت میں باپ بیٹی کے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزمان کیجانب سے مقدمہ کی پیروی کرنیوالی بیوہ خاتون کوسنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے کی دائر درخواست پر سماعت آج ہوگی پچھلی سماعت پر عدالت میں بیوہ خاتون اپنے مقتول شوہراور بیٹی کی تصویراٹھائے انصاف لینے پہنچ گئی تھی ،خاتون کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے انصاف کیلئے دھکے کھارہی ہے جس پرعدالت نے تھانہ ڈیفنس اے پولیس سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کررکھا ہے ۔
عدالت میں کینٹ کی رہائشی شہزادی عامر نے دائر درخواست میں موقف اختیار کررکھا ہے کہ اس کی بیٹی ملائکہ اپنے والد عامر کے ہمراہ برگرکھانے گئی تھی ،جہاں دونوں کوڈیفنس اے کے علاقے میں قتل کردیاگیاتھا،درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان اسے بھی مقدمہ واپس لینے کے لئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں ،عدالت سے استدعا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا جائے جس پرعدالت نے متعلقہ پولیس سے آج مقدمہ کا ریکارڈ طلب کررکھا ہے ۔