بین الاصوبائی سونی ڈکیت گینگ کے 27ملزم گرفتار ،85لاکھ مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد

بین الاصوبائی سونی ڈکیت گینگ کے 27ملزم گرفتار ،85لاکھ مالیت کا مال مسروقہ اور ...

لاہور(کرائم سیل)سی آئی اے پولیس نے لاہور ،کراچی ، اوکاڑہ اور بہاولپور سمیت مختلف صوبوں اور شہروں میں ہاؤس رابری،دوران واردات خواتین خانہ کی آبرو ریزی کرنے، ڈکیتی قتل اور شاہراؤں پر شہریوں سے گن پوائنٹ پر نقدی ، موبائل فونز اوردیگر قیمتی اشیاء لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث سونی بین الاصوبائی ڈکیت گینگ کے 27 ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے قریبا 85 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ اورناجائزاسلحہ برآمد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے شہر میں ہاؤس رابری اور ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کو گرفتار کرنے کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم کو خصوصی احکامات دیے ۔ جنہوں نے ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کے ساتھ خصوصی میٹنگ میں انہیں ہاؤس رابری ، ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث گینگز کو پکڑنے کا ٹارگٹ دیا۔ ایس پی سی آئی اے نے ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض شاہ اور ان کی ٹیم کے ہمراہ ڈاکوؤں اور راہزنوں کے گروہوں کی گرفتاری کے لئے کام شروع کر دیا اور مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک اور ان کی پولیس ٹیم نے پوش علاقوں اور مالدار گھروں میں مٹھائی دینے ، ملازمت حاصل کرنے اور وکلاء کے گھروں میں مقدمات کی پیروی کے بہانے داخل ہو کر گن پوائنٹ پر وارداتیں کرنے والے سونی ڈکیت گینگ کے 27 ملزموں نواز عرف سوہنی، منیر احمد، نسرین منیر، سنبل نواز، پروین ناصر، اصغر، اشرف ، ریاست علی، نسیم بی بی ، جاوید عرف امجد، شاہد طلحہ، اسلم گھوڑا، راشد عباسی، آصف شہزاد، مبارک علی ، یامین شیری، نعمان ملک، عاطف عاطی، عدیل عرف کاشف، وقار یونس، منیروجٹ آصف علی، امانت منگتا، امتیاز حسین، خالد شہزاد، محمد زیبر اور جاوید علی کو گرفتار کرلیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزموں نے سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ مرزا حفیظ الرحمن، معروف سرجن ڈاکٹر محسن جواد ، ڈی ایس پی لیگل شاہد صدیق، ڈسٹرکٹ اٹارنی اوکاڑہ خالد مسعود ، معروف بزنس مین محمد اعظم اور پاکستان کلاتھ مارکیٹ میں کپڑے کے معروف تاجر خرم شفیق کے گھروں سمیت ڈکیتی اور راہزنی کی 73 مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے پولیس نے ملزموں سے قریبا 85 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا ہے جس میں57 لاکھ روپے نقد ، طلائی زیورات ، 4 موٹر سائیکلیں ، ویگنیں ،10 لیپ ٹاپ ، 40 موبائل فونز ، کیمرے اور 6 قیمتی گھڑیوں کے علاوہ ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گروہ کا سرغنہ سونی اور دیگر ساتھی انتہائی سفاک اور بے رحم ہیں جو دوران واردات خواتین خانہ کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے اور مزاحمت پر اہل خانہ کو فائرنگ کر کے قتل کرنے سے بھی گریز نہ کرتے تھے ۔

مزید : علاقائی