ہیئر ،اراضی کے تنازع پر مخالفین نے فائرنگ کر کے 3بچوں کے باپ کو قتل کر دیا
لاہور(کرائم سیل) ہیئر کے علاقہ میں مخالفین نے فائرنگ کر کے 3بچوں کے باپ کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے ،پولیس نے مقتول کی نعش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے۔پولیس کے مطابق ہیئر کے نواحی گاؤں کا رہائشی 40سالہ عطا محمد کا علاقہ کے چند افراد سے زمین کے معاملے میں تنازع تھا۔گزشتہ روز جب وہ کام سے واپس آ رہا تھا تو گھاٹ لگائے مخالفین نے ہیئر مین بازار کے سامنے بیدیاں روڈ پر اس پر فائرنگ کر دی اور موقع پر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق مخالفین کی فائرنگ سے تین گولیاں عطامحمد کے سینے پر لگیں اور وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے اور مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔