ستو کتلہ ،تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 2دوست جاں بحق
لاہور(کرائم سیل)ستو کتلہ کے علاقہ میں تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار دو دوستوں کو کچل کر ہلاک کر دیا۔پولیس نے نعشیں قبضہ میں لے کر مردہ خانہ میں جمع کروا دیں جبکہ ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے رہائشی 22سالہ ولید اور علی رضوان پنجاب ہاوسنگ سوسائٹی میں واقع ڈیپارٹمنٹل سٹور میں کام کرتے تھے۔گزشتہ روز وہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ واپڈا ٹاؤن کے قریب ان کی موٹر سائیکل بے قابو کار نمبر LEX35 سے ٹکرا گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے انہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال میں لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔کار سوار کار موقع پر ہی چھوڑ کے فرار ہو گیا۔پولیس نے دونوں دوستوں کی نعشیں مردہ خانہ میں جمع کروا کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔