چیئر مین سینیٹ کے لئے بھی پیسہ چلے گا ،سربراہ تحریک انصاف ،عمران خان کا کوئی بھی دعویٰ سچا نہیں نکلا ،پرویز رشید

چیئر مین سینیٹ کے لئے بھی پیسہ چلے گا ،سربراہ تحریک انصاف ،عمران خان کا کوئی ...

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا خیبرپختونخوا میں خانزادہ خان کیسے جیتے اور پنجاب میں ندیم چن کو اتنے ووٹ کیسے پڑے اور بلوچستان میں حکومتی امیدوار کو آزاد امیدوار نے ہرا دیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت اراکین اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے اراکین کروڑوں روپے کی پیشکش کے باوجود ضمیر فروش نہیں بنے حالانکہ سینیٹ الیکشن میں ایک صوبے کے لوگوں کو دوسرے صوبوں میں لایا گیا اور اب چیئرمین شپ کیلئے بھی کروڑوں روپے خرچ ہونگے۔ آصف زرداری اور نواز شریف نے سیاست میں آ کر پیسے بنائے ، تحریک انصاف چیئرمین شپ کیلئے دونوں پارٹیوں کو ووٹ نہیں دے گی ، خیبر پختونخوا میں ایک جماعت پیسے لگا کر الیکشن جیت جاتی تھی لیکن اس مرتبہ اس جماعت کے تینوں لوگ ناکام ہو گئے انہوں نے کہا آصف زرداری اور نواز شریف سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ بارے جانتے تھے پھر بھی نواز شریف نے 22ویں ترمیم کا ڈرامہ رچایا اور پھر سینٹ سے ایک دن پہلے رات کے اندھیرے میں صدارتی آرڈیننس جاری کر کے سعودی عرب چلے گئے۔ دعوے سے کہتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات نہیں جیتے گی۔ ان کا کہنا تھا نادرا کا فیصلہ آنے کے بعد حکومت نہیں چلنے دینگے اور تحریک انصاف سڑکوں پر آ کر اپنی پوری قوت کا مظاہرہ کرے گی

عمرا ن خا ن

اسلام آباد(اے این این،آن لائن)وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشیدنے کہاہے کہ عمران خان جس چیز میں ہار جاتے ہیں اس کا بائیکاٹ کرتے ہیں، تحریک انصاف کے اندر خیبرپختونخوا میں بغاوت مسلم لیگ (ن) کی وجہ سے ناکام ہوئی، عمران خان کو نواز شریف کا شکر گزار ہونا چاہیے ۔ اپنے ایک بیان میں پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے آج تک جتنے بھی دعوے کیے ہیں ان میں سے ایک بھی سچا نہیں نکلا۔ این اے 122میں عمران خان کے دھاندلی کے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے اگر وہ نواز شریف کی جگہ اپنے اور اپنی پارٹی پر توجہ دیتے تو ہر محاذ پر شکست نہ ہوتی۔ تحریک انصاف کے سربراہ قومی اسمبلی کو نہیں مانتے مگر سینیٹ کیلئے جاکر پشاور بیٹھ گئے تھے۔ پوری دنیا نے دیکھا ہے کہ سینٹ الیکشن کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی نے تحریک انصاف کے ارکان ووٹ کی پرچیاں لیکر باہر چلے گئے تھے ،خان صاحب جس چیز میں ہار جاتے ہیں اس کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ قصور عمران خان کا نہیں انہیں پتہ ہی نہیں ہے کہ ملک کیسے چلائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے اندر خیبرپختونخوا میں بغاوت مسلم لیگ (ن) کی وجہ سے ناکام ہوئی، عمران خان کو نواز شریف کا شکر گزار ہونا چاہیے ۔

مزید : صفحہ اول