بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ سے کوئی بریک تھرو نہیں ہوا ،سرتاج عزیز

بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ سے کوئی بریک تھرو نہیں ہوا ،سرتاج عزیز

اسلام آباد(اے این این،این این آئی) قومی سلامتی اورخارجہ امورکے بارے میں وزیراعظم کے مشیرسرتاج عزیزنے کہاہے کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان سے کوئی بریک تھرو نہیں ہوا تاہم آگے بڑھنے کی راہ ضرورکھلی ہے ، چینی صدر 23مارچ کو پاکستان نہیں آئیں گے، آرمی پبلک سکول پر حملے سے متعلق افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعاون جاری ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے چینی صدر کے23مارچ کوپاکستان آنے سے متعلق میڈیارپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہاکہ چینی صدر جلد پاکستان کادورہ کرینگے ان کے دورے کے حوالے سے نئی تاریخوں کیلئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں تاہم وہ تیئس مارچ کوپاکستان نہیں آرہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان سے بریک تھرو نہیں ہوا خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات میں آگے بڑھنے کی راہ کھلی ہے۔بھارت کیساتھ آئندہ ہونے والے مذاکرات کی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات اور تصفیہ طلب مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے آرمی پبلک سکول پر حملے سے متعلق افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعاون جاری ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ افغانستان اور ایران کیساتھ معلومات کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے، معاملات کا یہ تبادلہ دہشتگردی کی روک تھام کے حوالے سے ہوتا ہے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...