شہباز شریف سے قائم علی شاہ کی ملاقات ،صوبوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم

شہباز شریف سے قائم علی شاہ کی ملاقات ،صوبوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم کرنے ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے صوبوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 4 اکائیوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر مشتمل ہے او ر ملک کی تمام اکائیاں وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مکمل ہم آہنگی اور یگانگت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد سے جہاں پنجاب کی ثقافت اجاگر ہو رہی ہے، وہاں قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ سندھ کے وزیراعلیٰ کی ہارس اینڈ کیٹل شو میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس سے یقیناًدونوں صوبوں کے مابین بین الصوبائی رابطے اور ہم آہنگی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان کے چاروں صوبے اور وفاقی حکومت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، بلاشبہ اجتماعی بصیرت سے کئے گئے فیصلے اور مشترکہ کاوشیں رنگ لائیں گی اور انشاء اللہ پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا کیونکہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر ہی اسے مشکلات سے نکالنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ لاہور پہنچے تو پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے سینیٹ کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں اراکین اسمبلی نے سینیٹ انتخابات میں بھر پور حصہ لے کرجمہوری عمل کو احسن طریقے سے آگے بڑھایا ہے لہٰذا اب ایوان بالا کے سینیٹ کے نومنتخب اراکین ملک و قوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردارجاری رکھیں گے ،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق او رمختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں وزیراعلیٰ میاں محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پوری قوم کی آواز ہے کیونکہ پاکستان کی بقا اور استحکام کیلئے دہشت گردوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کے مثالی اتحاد و یگانگت کی بدولت دہشت گردوں کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیں گے۔وزیراعلیٰ پنجابملاقات کرنے والوں میں ممبرقومی اسمبلی سید ثقلین شاہ بخاری ،رانا اعجاز احمد نون، شیخ علاؤالدین ،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمد ارشد، محمد شاہ ویز خان ، سید طارق یعقوب اورحاجی عمران ظفر شامل تھے۔

شہباز شریف

لاہور (جنرل رپورٹر ) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں چاروں صوبوں کی ثقافت اور روایات کا مظاہرہ نہ صرف متاثرکن بلکہ قومی یکجہتی ا ور اتحاد و یگانگت کی علامت ہے اور اس طرح کے پروگراموں سے بھائی چارے و محبت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوسرے دن منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ گیارہ سال بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوبارہ انعقاد پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے جوانوں نے جو آئٹم پیش کئے ہیں وہ قابل دید اور متاثر کن ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضاہے کہ ہم ایک مٹھی کی طرح اکٹھے ہو کر کام کریں کیونکہ سول و ملٹری ادارے اپنے اشتراک عمل سے ملک میں امن لے کر آئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کو صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا سونیئرجبکہ خلیل طاہر سندھو نے تصاویری البم پیش کی ۔قبل ازیں صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو خو ش آمدیدکہتے ہوئے بگھی میں سلامی کے چبوترے پر لائے۔ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوران رینجرز کے جوانوں نے ریڈ پریڈ اور بندوق کو گھمانے کی شاندار پرفارمنس دی جبکہ آرمی بینڈ نے قومی ترانوں کی محسور کن دھنیں پیش کیں اس کے علاوہ بچوں نے یونٹی ٹیبلو پیش کرتے ہوئے پاکستان کا جھنڈا بنایا جسے شائقین نے بے حد سراہا ۔نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوسرے روز تقریب میں ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید خان ، اعلی حکام اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

مزید : صفحہ اول