پاکستان اہم میچ میں آج جنوبی افریقہ کیخلاف میدان میں اتریگا

پاکستان اہم میچ میں آج جنوبی افریقہ کیخلاف میدان میں اتریگا

 آکلینڈ(سپورٹس رپورٹر) عالمی کپ میں قومی شاہینوں نے پروٹیز پر جھپٹنے کی تیاریاں مکمل کر لیں ، پول بی کے اہم معرکے میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج ٹکرائیں گی۔ ورلڈ کپ کے 29 ویں مقابلے میں شاہین اور پروٹیز پوائنٹس کی جنگ کیلئے پنجہ آزمائی کرینگے۔ میچ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شیڈول ہے۔ٹیم ذرائع کے مطابق اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔ مسلسل آؤٹ آف فارم ناصر جمشید کی جگہ سرفراز احمد کو آزمایا جا سکتا ہے۔ پروٹیز ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ریلی روسو کو فرحان بہاردین کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ کائل ایبٹ کی جگہ ویرون فلانڈر کو موقعہ دیا جاسکتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنے 4 ،4 میچز کھیل چکی ہیں۔ جس میں جنوبی افریقہ نے تین میں فتح حاصل کی اور ایک میچ میں شکست کا سامنا ہوا۔ گرین شرٹس کو چار مقابلوں میں صرف دو میں ہی فتح نصیب ہو سکی ہے۔ پول بی میں جنوبی افریقہ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر مضبوط حریف ہے جبکہ چوتھے نمبر پر موجود پاکستان کے چار ہی پوائنٹس ہیں۔آکلینڈمیں پریس کانفرنس کے دوران میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد عرفان مکمل فٹ ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے، پریکٹس سیشن کے دوران ایڑھی میں چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہونے والے حارث سہیل کے بارے میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کے میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ ایک اچھی ٹیم ہے اور ان کے پاس بہترین بلے باز موجود ہیں، ڈویلیئرز کو رن بنانے سے روکنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ اسے جلد آؤٹ کر دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری بولنگ مضبوط ہے اور مجھے اس پر مکمل اعتماد ہے، ہم جنوبی افریقا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، نہیں سمجھتا کہ آفریدی کی موجودگی میں یاسر شاہ کو کھلانے کی کوئی ضرورت ہے۔

مزید : صفحہ اول