پنجاب یونیورسٹی کو ایم کام کی طالبات کی روکی گئی ڈگریاں جاری کرنے کا حکم
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کو ایم کام کی طالبات کی روکی گئی ڈگریاں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار طالبات نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ ایم کام میں داخلہ فارم اور فیس جمع کرانے کے بعد امتحانات میں پاس ہو گئیں مگر پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کی ڈگریاں روک لی ہیں، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کی جانب سے جمع کرائے جانے والے داخلہ فارمز کو جعلی قرار دیا ہے جو کہ بے بنیاد الزام ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے وکیل ملک اویس نے کہا کہ جعلی داخلہ فارم جمع کرانے کے باوجود طالبات کے مستقبل کا خیال رکھتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کے خلاف فوجداری کاروائی نہیں کی جس پر عدالت نے یونیورسٹی انتظامیہ کو طالبات سے دوہری فیس لے کر ڈگریاں جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
ڈگریاں