واپڈا کی نجکاری نامنظور: حکومت نے مطالبات نہ مانے تو بجلی کا نظام معطل کر دینگے، ساجد کاظمی

واپڈا کی نجکاری نامنظور: حکومت نے مطالبات نہ مانے تو بجلی کا نظام معطل کر ...

لاہور(انٹرویو: صبغت اللہ چودھری)لیسکو تھرڈ سرکل کے زونل چیئرمین ساجد کاظمی نے کہا ہے کہ بجلی کی منافع بخش تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری قابل قبول نہیں، آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر کئے جانیوالے ملک دشمن اقدامات نا منظور ہیں، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین قومی اداروں کو کسی صورت بھی پرائیویٹ لوگوں کے حوالے کرنے کی اجازت نہیں دے گی، حکومت نے مطالبات نہ مانے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے پورے ملک میں بجلی کا نظام معطل کر دیں گے، یونین جلاؤ گھیراؤ کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتی تاہم لیسکو دفاتر کی تالہ بندی اور2 روزہ پر امن احتجاج کا اثر نہ ہوا تو اگلے مرحلے میں احتجاج مزید شدت اختیار کر جائے گا ، حکومت یونین رہنماؤں سے مشاورت کر کے نجکاری کی بجائے محکموں کی بہتری کیلئے پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں نمائندہ ’’پاکستان‘‘ سے خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو 22 ارب اور فیسکو 32 ارب روپے منافع میں ہیں لیکن اس کے باوجود ان کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ ملک دشمنی ہے ۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سب بڑے ڈیفالٹر اعلیٰ سرکاری افسران اور پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے قانون ساز ہیں، پنجاب کے سرکاری اداروں کی جانب اربوں روپے کے بل واجب الادا ہیں لاہور سمیت لیسکو کے ایریا میں تقریباً تمام تھانے بجلی کا بل نہیں دیتے ، واسا لیسکو کا سب سے بڑا ڈیفالٹر ہے لیسکو کے فرض شناس افسران نے جب بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں کرکیں تو ان پر قاتلانہ حملے ہوئے گزشتہ چند ماہ میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر اسد اللہ خان پر قاتلانہ حملہ ہوا اور ایس ڈی او رائے ضیاء کو بجلی چوروں نے قتل کر دیا جبکہ ان کی فاتحہ پڑھنے کوئی پارلیمنٹرین نہیں پہنچا ۔ دوسری جانب بجلی کمپنیوں میں سیاسی مداخلت حد سے بڑھ گئی ہے کسی ایم این اے یا ایم پی اے کی سفارش کے بغیر لوگوں کو ٹرانسفار مر تبدیل یا نیا جاری نہیں ہوتا سیاستدان اپنے حلقوں میں بجلی کے معاملات پر سیاست چمکا رہے ہیں ان حالات میں معاملات کیسے درست سمت جا سکتے ہیں۔ واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے زونل چیئرمین نے کہا کہ بجلی کو ہر خاص و عام تک پہنچانے میں واپڈا ملازمین نے اپنا خون پیش کیا ہے اور اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران سینکڑوں ورکر شہید ہو چکے ہیں ، واپڈا کے پورے ملک میں ڈیڑھ لاکھ ملازمین نجکاری کے سامنے دیوار بن جائیں گے ۔ ساجد کاظمی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ہر دور میں ادارے کمزور ہوئے ہیں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کا مطالبہ ہے کہ آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان معاملے کا از خود نوٹس لیں اور ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے کر اس ملک دشمن اقدام کو روکیں۔

ساجد کاظمی

مزید : صفحہ آخر