وزیراعظم اور صدر مملکت کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیا 

وزیراعظم اور صدر مملکت کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن کو قانونی نوٹس بھیج دیا ...
وزیراعظم اور صدر مملکت کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیا 

  

لاہور (نامہ نگار خصوصی) فاٹا کے سینیٹ انتخابات روکنے کا سبب بننے پر وزیر اعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین کو نااہل قرار دینے کے لئے الیکشن کمیشن پاکستان کو قانونی نوٹس ارسال کر دیا گیاہے۔ یہ نوٹس جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے چیئرمین اظہر صدیق کی جانب سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت کر کے وزیر اعظم اور صدر نے حلف کی خلاف ورزی کی، صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر فاٹا کے سینٹ انتخابات روکنے کے لئے صدراتی آرڈر جاری کیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فاٹا کے سینٹ انتخابات روک دیئے اورالیکشن کمیشن نے اپنے جواب میں صدارتی آرڈر کو غیرقانونی اور تضحیک آمیز بھی قرار دیا، قانونی نوٹس کے مطابق آئین کے تحت کسی بھی قسم کے انتخابات کروانا صرف اور صرف الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جا سکتی اور پارلیمنٹ سے موثر قانون سازی کے بغیر الیکشن کمیشن کے کام میںمداخلت نہیں کی جا سکتی تاہم صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدارتی آرڈر کے ذریعے فاٹا کے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا حکم جاری کیا ، صدارتی آرڈر جاری کر کے وزیر اعظم اور صدر نے حلف کی خلاف ورزی کی اور آئین کے آرٹیکل 42اور 91کے ذیلی آرٹیکل 5کو شیڈول 3 کے ساتھ دیکھا جائے تو وزیر اعظم اور صدر نااہل ہو چکے ہیں، قانونی نوٹس میں الیکشن کمیشن کو کہا گیا ہے کہ فاٹا میں سینٹ کے انتخابات فوری طور پر کرائے اور سینٹ انتخابات میں مداخلت پر وزیر اعظم اور صدر کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

مزید : لاہور