واٹس ایپ نے صارفین کو خبردار کر دیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مشہور سوشل میڈیا ایپلی کیشن واٹس ایپ دنیا بھر میں کروڑوں افراد استعمال کرتے ہیں اور اس تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔ واٹس ایپ کو استعمال کرنے کیلئے جہاں کمپنی کی آفیشل ایپلی کیشن دستیاب ہے وہیں تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز ( دوسری کمپنیوں کے سافٹ وئیرز جن کے ذریعے واٹس ایپ سروس استعمال کی جا سکتی ہے) کی مارکیٹ میں بھرمار ہے جن کے خلاف واٹس ایپ نے ایکشن شروع کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آفیشل ایپلی کیشن سے ہٹ کر دوسری ایپلی کیشنز کا استعمال کر نے والے صارفین کے اکاﺅنٹس کو مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ واٹس ایپ نے کچھ روز قبل ایسے صارفین کے اکاﺅنٹس کو 24 گھنٹوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جسے بعد میں بڑھا کر 3 روز میںتبدیل کر دیا گیا تاہم اب کمپنی نے واضح کر دیا ہے کہ جو شخص واٹس ایپ سروس استعمال کرنا چاہتا ہے اسے کمپنی کے اصولوں کے مطابق چلنا ہو گا اور اس کی آفیشل ایپلی کیشن کو ہی استعمال کرنا ہو گا بصورت دیگر ان تمام صارفین کے اکاﺅنٹس کو مستقل طور پر بند کر دیا جائے اور صرف آفیشل ایپلی کیشن انسٹال کرنے کے بعد ہی ان کے اکاﺅنٹ بحال کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز میں بہت سے ایسے فیچرز شامل ہوتے ہیں جو آفیشل ایپلی کیشن میں نہیں ،جیسا کہ تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز کے ذریعے لمبی ویڈیوز کو بھیجا جا سکتا ہے جبکہ آفیشل ایپلی کیشن میں محدود سائز کی ویڈیو کو ہی شیئر کرنے کی آپشن ہے۔ آپشنز چاہے کیسی بھی ہوں لیکن یہ سچ ہے کہ اگر آپ واٹس ایپ کو متواتر استعمال کرتے ہیں اور اس سروس کو کھونا نہیں چاہتے تو آج ہی اس کی آفیشل ایپلی کیشن کو انسٹال کر لیں ورنہ آپ کا اکاﺅنٹ بھی بند ہو سکتا ہے۔