قطرینہ کیف بے حد حسین اور محنتی اداکارہ ہیں ‘ پریانکا چوپڑا
ممبئی(آئی این پی)بولی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا آجکل ہالی ووڈ انڈسٹری میں اداکاری کا جادو چلانے میں مصروف ہیں۔ پریانکا چوپڑا نے بین الاقوامی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں قدم گزشتہ برس اپنی پہلی امریکی ٹیلی ویڑن سیریز کوانٹکو سے رکھا۔ اداکارہ کی پہلی امریکی ٹی وی سیریز کو بے حد پسندکیا جا رہا ہے۔ علا وہ ازیں 33سالہ اداکارہ آجکل اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم ’’بے واچ‘‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ تاہم اس قدر شہرت کے باوجود اداکارہ انتہائی عاجزانہ شخصیت کی مالک ہیں۔ اپنی دوستانہ فطرت کی بنا پر ہی انکی بولی ووڈ انڈسٹری میں تمام ہم عصر اداکاراؤں کے ساتھ بہترین دوستی ہے۔ حال ہی میں اداکارہ سے ٹویٹر پر لائیو چیٹ سیشن کے دوران ایک پرستار کی جانب سے ہم عصر اداکارہ قطرینہ کیف کے بارے میں تین لفظوں میں اظہار خیال کیلئے کہا گیا۔ پرستار کے سوال کے جواب میں پریانکا چوپڑاکا کہنا تھا کہ قطرینہ کیف ایک بے حد حسین اور محنتی سپرسٹار ہیں۔ واضح رہے بولی ووڈ میں پریانکا چوپڑا کی حال ہی میں نمائش کیلئے پیش کی جانے والی فلم جئے گنگا جل کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے