محبتوں کا سفیر بن کرآیا ہوں، فنکارسرحدوں کے محتاج نہیں ہوتے،رضا مراد

محبتوں کا سفیر بن کرآیا ہوں، فنکارسرحدوں کے محتاج نہیں ہوتے،رضا مراد
 محبتوں کا سفیر بن کرآیا ہوں، فنکارسرحدوں کے محتاج نہیں ہوتے،رضا مراد

  

لاہور ( فلم رپورٹر ) بھارتی اداکار رضامراد نے کہا ہے کہ محبتوں کا سفیر بن کرآیا ہوں، فنکارسرحدوں کے محتاج نہیں ہوتے، مشترکہ فلمسازی کا خیرمقدم کرتا ہوں، یہ اچھی شروعات ہے۔ پاکستانی فلموں کا معیاربہترہوا ہے ، بھارت اورپاکستان کے مابین کرکٹ میچ کے حوالے سے سیکیورٹی ایشوجلد ختم ہوجائے گا۔ وزیراعظم نریندرمودی کامختصردورہ پاکستان کے ساتھ بہترتعلقات کی طرف جراٰت مندانہ قدم ہے۔ ان خیالات کااظہار معروف بھارتی اداکارنے واہگہ بارڈرپہنچنے پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دس روزہ قیام کے دوران ایک ہفتہ لاہور اوربقیہ دن کراچی اوراسلام آباد میں گزارنے کے بعد 17مارچ کووطن واپس جاؤں گا۔ میں پاکستان اوربھارت کے درمیان مشترکہ فلمسازی کوخوش آئند قراردیتا ہوں۔ پاکستانی فنکاروں کومسلسل بھارتی فلموں میں کام دیا جارہا ہے لیکن بھارتی فنکاروں کوپاکستانی فلموں میں بہت کم مواقع ملتے ہیں۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نہ توکشیدگی اورنہ ہی رنجش کی بات کرونگا، کیونکہ میں محبتوں کا سفیربن کر یہاں آیا ہوں۔ پاکستانی لوگوں کی محبت دیکھ کر بالی وڈ کے دوسرے فنکاروں کوبھی مشورہ دونگا کہ وہ یہاں آئیں۔ بھارت میں پاکستانی فنکارہمیشہ داد تحسین حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پاکستان سے اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔

ماضی میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے بھی بہتر تعلقات کیلئے مثبت کوششیں کیں۔ ا س موقع پررضامراد کی صاحبزادی عائشہ نے کہا کہ پاکستان آکر میری دیرینہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔ مجھے پاکستان آنے اوریہاں پرگھومنے پھرنے کا بہت شوق تھا۔ رضامراد کی اہلیہ شاہ رخ نے کہا کہ دوسری مرتبہ پاکستان آکر زیادہ اچھا لگ رہا ہے۔ لوگوں کا پیارمجھے دوبارہ کھینچ لایا ہے۔

مزید : کلچر