فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ 11 مارچ کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی

فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ 11 مارچ کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی
 فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ 11 مارچ کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی

  

ممبئی (این این آئی)اداکار فواد خان، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ کی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کا نیا گانا ’’بدھو سا من‘‘ ریلیز کردیا گیا ہے جس میں فلم کی مکمل کاسٹ اداکار رشی کپور کی سالگرہ مناتے نظر آئی۔ فلم 11 مارچ کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔اس گانے میں ویسے تو سب ہی کافی پرجوش دکھائی دیے لیکن اگر کوئی توجہ کا مرکز بنا تو وہ اداکار رشی کپور ہیں جنہوں نے اس فلم میں دادا کا کردار ادا کیا ہے۔گانے میں دکھایا گیا کہ سدھارتھ اور فواد کا پورا خاندان اپنے دادا (رشی کپور) کی سالگرہ منا رہے ہیں اور انہیں ان کی پسندیدہ چیزوں سے خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کا رومانوی گانا ’بولنا‘ بھی ریلیز کیا گیا تھا جس میں سدھارتھ ملہوترا اور فواد خان فلم کی مرکزی اداکارہ عالیہ کے ساتھ گزارے ہوئے خوشگوار لمحات کو یاد کرتے دکھائی دیے تھے۔گزشتہ ماہ اس فلم کا ٹریلر بھی سوشل میڈیا پر ریلیز کیا گیا تھا جس میں انتہائی معمر رشی کپور مرنے سے قبل اپنی پوری فیملی کو اکھٹا دیکھنا چاہتے ہیں۔

تاہم، فیملی میں اختلافات سے بظاہر ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔فلم میں سدھارتھ اور فواد بھائیوں کے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ عالیہ ان کی دوست بنیں گی۔شکن بترا کی ہدایت میں بنی فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ 11 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مزید : کلچر