مصر کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کے ساتھ سکواش سیریز کھیلے گی
اسلام آباد (اے پی پی) مصر کی ٹیم پاکستان کے ساتھ دوستانہ سکواش سیریز کھیلنے کیلئے 4 اپریل کو پاکستان آئے گی۔ مصر نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ میچوں کی سیریز کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے حکام کے مطابق پاکستان اور مصر کے درمیان سیریز 5 سے 8 اپریل تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا مقصد قومی کھلاڑیوں کے کھیل میں مزید بہتری لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کے بعد مصر کے ساتھ سیریز اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے جس میں کھلاڑیوں کو فہیم گل جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔