قائداعظم گولڈ کپ میں تین اہم میچز کھیلے گئے

قائداعظم گولڈ کپ میں تین اہم میچز کھیلے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر)لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ 2016ء برائے قائداعظم گولڈ کپ میں تین اہم میچز کھیلے گئے۔ ڈالر ایسٹ /ماسٹر پینٹس ، لرننگ الائنس اور آرمی ری ماؤنٹس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر،ممبر آئی او سی پاکستان سید شاہد علی ، بینک الفلاح کے ہیڈ آف پریمیئربینکنگ سید محسن علی شاہ، سید عثمان قیصر سینئر مینجر برانڈ ایکٹی ویشن ، پی پی اے کے چیئرمین میجر جنرل اسفند یار پٹودی، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران عمر سعید نیازی، آغا نجیب، جواد ملک، علی ملک ، ثاقب خان خاکوانی، سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب سمیت کلب کے ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

پہلا میچ چیمپئن شپ کی دو بہترین ٹیموں ڈائمنڈ پینٹس اور ڈالر ایسٹ /ماسٹر پینٹس کے درمیان کھیلا گیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست تھی ۔ میچ کے پہلے چکر میں ثاقب خان خاکوانی نے ڈائمنڈ پینٹس کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ دوسرے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس نے دو مزید گول کرکے برتری کو 3-0 کردیا ۔ دوسرے چکر کے اختتام سے قبل بلال حئی نے گول سکور کرکے سکور 2-1 کردیا۔ اس طرح پانچویں چکر کے اختتام پر دونوں ٹیموں کا سکور 7-7 تھا۔ میچ سڈن ڈیتھ چھٹے چکر میں چلا گیا جس میں ڈالر ایسٹ /ماسٹر پینٹس کی طرف سے لوساڈا نے گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے سنٹیاگو کرناڈس نے چھ گول سکور کیے مگر وہ اپنی ٹیم کو نہ جتوا سکے۔ ڈالر ایسٹ /ماسٹر پینٹس کی طرف سے لوساڈا نے چار جبکہ بلائی حئی نے تین گول سکور کیے۔ دوسرے میچ میں لرننگ الائنس نے مضبوط ماسٹر پینٹس /حبیب میٹرو کو 12-6 سے ہرایا۔ میچ کا آغاز زبردست ہوا جب ماسٹر پینٹس /حبیب میٹرو کی طرف سے پیڈرو گتیارس نے گول سکور کیا۔ مگر لرننگ الائنس کی طرف سے میکس کارلٹن پورے میچ میں چھائے رہے۔ ان کے ساتھ احمد علی ٹوانہ نے بھی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے چکر کے اختتام پر لرننگ الائنس کو 4-3 سے برتری حاصل تھی ۔ تیسرے اور چوتھے چکر میں میکس اور احمد علی نے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا اور کئی اہم گول سکور کیے۔ پانچویں چکر کے اختتام پر لرننگ الائنس کی ٹیم 12-6 سے یہ میچ جیت گئی۔ میکس کارلٹن نے سات گول جبکہ احمد علی ٹوانہ تین گول سکور کیے جبکہ ماسٹر پینٹس /حبیب میٹرو کی طرف سے حسام علی حیدر تین گول سکور کیے۔ تیسرا میچ آرمی ری ماؤنٹس اور صبیحہ انیس کے درمیان ہوا۔ دونوں ٹیموں نے محتاط طریقے سے کھیل شروع کیا۔پہلے چکر میں آرمی کی طرف سے جارج اور صبیحہ انیس کی طرف سے پیڈرو زیکارس نے ایک ایک گول سکورکیا۔ دوسرے چکر میں صبیحہ انیس کی ٹیم کو 2-1 کی برتری حاصل تھی۔ تیسرے اور چوتھے چکر میں میجر عمر منہاس اور میجر حسیب منہاس نے ایک ایک گول سکور کیا۔ چوتھے چکر تک آرمی کی ٹیم کو 6-5 کی برتری حاصل تھی ۔پانچویں چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا اس طرح پانچویں چکر کے اختتام پر آرمی ری ماؤنٹس نے گول سکور کے میچ 7-6 سے جیت لیا۔