امریکی رکن کانگریس اوردفاعی کمیٹی کے رکن کا ٹیکساس میں مسجد کا دورہ
ٹیکساس(آئی این پی )امریکی کانگریس اوردفاعی کمیٹی کے رکن مارک ویسی نے ریاست ٹیکساس کے شہر ارلنگٹن میں واقع مسجد کا دورہ کیا ،اس موقع ان کا کہنا تھا کہ رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات مین اصل مقابلہ ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہی ہوگا مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ صدارتی انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لیں اور اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی کانگریس اوردفاعی کمیٹی کے رکن مارک ویسی نے ریاست ٹیکساس کے شہر ارلنگٹن میں واقع مسجد کا دورہ کیا۔ گرین اوکس دارالایمان مسجد میں نماز جمعہ کے بعد مسلمانوں سے خطاب میں کہا کہ مسلمان اپنے ووٹ کا درست استعمال کرکے ہی اپنی آواز کو امریکی ایوانوں میں قابل سماعت بنا سکتے ہیں۔ مارک ویسی نے کہا حال ہی میں پاگل پن پر مبنی بہت سے باتیں سننے کو ملیں،جیسے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگادی جائے،ٹرمپ نے اسلام کے خلاف باتیں کرکے امریکیوں کو خوف زدہ بھی کیا اس لئے مسلمانوں سے ووٹ کے استعمال کو انتہائی سنجیدگی سے استعمال کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنیکی بات کو یقینی بنائیں۔امریکا کی مستقبل کی پالیسیاں اسی وقت بہتر ہو سکیں گی جب ان پالیسیوں میں مسلمانوں کی بھی آواز شامل ہو گی۔اس موقع پر مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے صدر عماد سالم سمیت کمیونٹی راہنما ؤں نے کانگریس کے رکن کا مارک ویسی کا خیر مقدم کیا۔جنگ اور جیو کے نمائندے سے خصوصی گفتگو میں مارک ویسی نے کہا کہ وہ عنقریب دیگر مساجد کا دورہ کریں گے تاکہ مسلمانوں کو ان کے ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے ،انہوں نے کہاجن لوگوں نے ووٹ کیلئے اب تک رجسٹریشن نہیں کرائی ہے وہ جلد از جلد رجسٹریشن کرالیں۔