دہشت گردی کا قلع قمع جاری رکھیں گے، یمنی وزیراعظم
صنعاء(این این آئی)یمن کے وزیراعظم اور صدر کے نائب خالد بحاح نے باور کرایا ہے کہ عدن میں ہونے والی دہشت گرد کارروائی کے باوجود حکومت دہشت گردوں کا تعاقب اور شہریوں کے امن کو غیرمستحکم بنانے والوں پر قابو پانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔میڈیارپورٹ کے مطابق یمن کے وزیراعظم اور صدر کے نائب خالد بحاح نے ایک انٹرویومیں کہاکہ عدن میں ہونے والی دہشت گرد کارروائی کے باوجود حکومت دہشت گردوں کا تعاقب اور شہریوں کے امن کو غیرمستحکم بنانے والوں پر قابو پانے کا سلسلہ جاری رکھے گی،انہوں نے کہاکہ عسکری کارروائیوں سے ہم نے بہت سارے اہداف حاصل کرلیے ہیں،عدن کے علاقے المنصورہ میں نامعلوم مسلح افراد نے التواہی گورنری کے پولیس سربراہ سالم ملقاط کی گاڑی کو روک کر ان پر اندھادھند فائرنگ کر ڈالی تھی جس کے نتیجے میں ملقاط اور ان کے ایک ساتھی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔یہ کارروائی اس حملے کے ایک روز بعد کی گئی جس میں عدن شہر ہی میں نامعلوم مسلح افراد نے بوڑھوں کی قیام گاہ (اولڈ ایج ہاؤس) پر دھاوا بول کر 16 افراد کو قتل کردیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں وہاں ڈاکٹر، نرسیں، باورچی اور پہرے دار شامل تھے۔ یمن میں القاعدہ تنظیم کی شاخ نے مذکورہ دہشت گرد کارروائی سے اپنے کسی بھی تعلق کی تردید کی ہے۔ان دونوں واقعات سے قبل عدن صوبے کے سابق گورنر کو کار بم دھماکے میں ہلاک کرنے کے علاوہ حالیہ گورنر اور سیکورٹی چیف کو قاتلانہ حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا چکی ہے۔