فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کا ٹریکٹر عدالتی حکم پر واپس

فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کا ٹریکٹر عدالتی حکم پر واپس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کا ٹریکٹر عدالتی حکم پر واپس کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے کچرا پھینکے والے فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کو حراست میں لینے کے ساتھ ان کا ٹریکٹر بھی قبضے میں لے لیا گیا تھا۔ اتوار کے روز فکس اٹ مہم کی ٹیم اپنا ٹریکٹر لینے سول تھانے پہنچی جہاں پولیس نے عدالتی حکم پر ان کا ٹریکٹر ریلیز کردیا ۔ اس موقع عالمگیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری وزیراعلیٰ سندھ سے کوئی دشمنی نہیں ہے ،یا تو وہ نا اہل ہیں یا پھر انکی کرسی نے انھیں نا اہل بنا دیا ہے۔حالیہ دنوں دبئی سے واپس آنے والے ایم کیو ایم کے باغی رہنما مصطفی کمال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مصطفی کمال نے اپنے دور میں کراچی کو بہتر بنانے کے لیے بہت کوششیں کی ہیں ،جہاں فکس اٹ کی ضرورت ہوگی ان کا ساتھ دینگے اور ایم کیو ایم کے میئر کو ان کا حق دلانے کے لیے ہر پلیٹ فارم آواز اٹھائینگے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو چاہیے کہ وہ اپنے کارکنان کو کراچی میں صفائی مہم کے لیے نکالے ۔ اس موقع پر عالمگیر خان نے فکس اٹ مہم کا دفتر کھولنے کا بھی اعلان کیا ۔

مزید : علاقائی